عاصمہ جہانگیر ڈٹ کر مقابلہ کرتی تھیں، خلا پورا نہیں ہوسکتا، حنا جیلانی

142

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز ممتاز قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار اور ایچ آر سی پی کی شریک بانی عاصمہ جہانگیر کی تیسری برسی کے موقع پر ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چئیرپرسن حنا جیلانی نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر ایک ذہین خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کو اکٹھا کرنے کی صلاحیت رکھتی تھیں۔ عاصمہ جہانگیر کا خلاء کوئی پورا نہیں کرسکتا لیکن ہم سب کو مل کر اس کی کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کا پیغام کبھی بھی مایوسی کا نہ تھا ۔ وہ ہمیشہ ڈٹ کر چیلنجز کا مقابلہ کرتی تھیں۔ انسانی حقوق کمیشن قائم کرنے کا خیال مرحوم اقبال حیدر کا تھا ، لیکن عاصمہ نے اس کو عملی جامہ پہنایا۔اب یہ انسانی حقوق کے کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عاصمہ کے مشن کو زندہ رکھیں۔ حنا جیلانی نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے کہا تھا کہ ہمیں خاموش کرایا جارہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف متحرک ہونے کا ہمارا حق

چھینا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا ہم راستے میں بہت سے دوست اور اتحادی کھو چکے ہیں ، لیکن حقوق انسانی کے محافظ ہونے کی حیثیت سے ہم مذموم عیش و عشرت کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ ایچ آر سی پی کے سابق چئیرمین ڈاکٹر مہدی حسن نے کہا کہ ایک لفظ جو عاصمہ جہانگیر کی شخصیت کو بیان کرسکتا ہے وہ جرات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں