فیصل واوڈا کے کاغذات میں قانونی تقاضے پورے کئے، الیکشن کمیشن

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمشنر سندھ اور ریٹرننگ افسر نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ سینیٹ کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات کی منظوری میں قانون اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا گیا ہے۔ سندھ کے سینیٹ الیکشن 2021 کے ریٹرننگ افسر اعجاز انور چوہان کے تحریری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کی عمومی نشست کے امیدوار فیصل واوڈا کی نامزدگی کیخلاف نور حیات خان ایڈوکیٹ، محمد سلمان خان ایڈوکیٹ، قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ، پروفیسر محمد مسعود خان ایڈووکیٹ، اخلاق خان ایڈووکیٹ، محمود حسن ایڈووکیٹ اور جاوید خالد ایڈووکیٹ نے اعتراضات داخل کیے تھے۔ 18 فروری کی دوپہر فیصل واوڈا کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں فیصل واوڈا کی شہریت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حلف نامے میں امریکی شہریت

چھوڑنے کا تذکرہ نہیں کیا۔ اسی طرح پروفیسر محمد مسعود خان ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ فیصل واڈا صادق اور امین نہیں رہے لہٰذا ان کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔ ریٹرننگ افسر نے تحریر کیا کہ انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر دونوں فریقین کو سنا گیا اور دستیاب ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی اور میری رائے کے مطابق متذکرہ بالا اعتراضات قابل غور نہیں ہیں اور فیصل واوڈا کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد میری رائے میں وہ سندھ سے سینیٹ انتخابات لڑنے کے اہل ہیں لہذا ان کے نامزدگی فارم کو منظور کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں