وکلاء گالم گلوچ اور دھمکیاں،مس کنڈکٹ کی کارروائی کا آغاز

248

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھانہ جا کر پولیس افسران سے گالم گلوچ اور دھمکیاں دینے والے وکلاء کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد بار کے سابق صدر ظفر کھوکھر اور موجودہ سیکرٹری لیاقت کمبوہ کیخلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ، بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بنچ نے رجسٹرار ہائیکورٹ کی شکایت پر سماعت کی تواسلام آباد ہائیکورٹ بار کے سابق سیکرٹری عمیر بلوچ دیگر وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ مجھے اس کیس سے متعلق معلوم نہیں تھا ، جواب داخل کرانے کیلئے کچھ مہلت دی جائے، چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی کوئی آرڈر نہیں ، صرف جواب داخل کرانے کیلئے نوٹس جاری کر رہے ہیں، رجسٹرار ہائیکورٹ کی شکایت کے مطابق وکلا ءنے تھانہ مارگلہ جا کر پولیس اہلکاروں سے گالم گلوچ کی اور دھمکیاں دیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، وکلا نے پولیس یونیفارم میں موجود افسران کو سنگین نتائج کی

دھمکیاں بھی دیں، وکلاء لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل ایکٹ 1973کے تحت کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، رجسٹرارہائیکورٹ کی شکایت کیساتھ 15 جنوری کی پولیس رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے جس کے مطابق اسلام آباد بار کے سابق صدر ظفر کھوکھر اورموجودہ سیکرٹری لیاقت کمبوہ 15 جنوری کی رات تھانہ مارگلہ گئے اور انہوں نے وکلا کے چیمبرز گرانے کے معاملے پر پولیس افسران سے بدتمیزی کی اور گالم گلوچ کیساتھ دھمکیاں بھی دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں